حصہ جائیداد سے متعلق سوالات
اسٹاکس، ای ٹی ایفز اور دیگر کاروباری سرمایہ کاری پر وصیت کس طرح ادا کی جائے؟
اگر ایک موصی اپنی آمد پر حصہ آمد ادا کرتا ہے اور باقی ماندہ بچت اسٹاکس، ای ٹی ایفز، کاروبار یا کسی اور سرمایہ کاری میں لگا دیتا ہے، تو یہ لگائی گئی رقم اس کی جائیداد کا حصہ بن جاتی ہے اور اس پر حصہ جائیداد واجب ہو جاتا ہے۔
موصی ایسی سرمایہ کاری پر حصہ جائیداد کی ذمہ داری درج ذیل میں سے کسی بھی طریق سے پوری کر سکتا ہے:
* ابتدائی سرمایہ کاری کے وقت؛
* بعد میں کسی وقت سرمایہ کاری کی مارکیٹ ویلیو کی بنیاد پر؛ یا
* سرمایہ کاری فروخت کرنے کے وقت۔
اس کے علاوہ اگر سرمایہ کاری سے آمد حاصل ہو — مثلاً ڈیویڈنڈ یا حاصل شدہ کیپیٹل گین — تو اس آمد پر موصی کی منظور شدہ شرحِ وصیت کے مطابق حصہ آمد واجب ہو گا۔
اگر سرمایہ کاری پر حصہ جائیداد ادا کیا جا چکا ہو اور اس سے حاصل ہونے والی آمد یا منافع پر حصہ آمد بھی ادا ہو چکا ہو، تو فروخت سے حاصل ہونے والی خالص رقم کسی اور سرمایہ کاری میں دوبارہ لگائی جا سکتی ہے اور اسی رقم پر دوبارہ حصہ جائیداد واجب نہیں ہو گا۔ نئی سرمایہ کاری پر حصہ جائیداد شمار کرتے وقت پچھلی سرمایہ کاری سے منتقل ہونے والی رقم قیمتِ خرید میں سے منہا کر دی جاتی ہے؛ حصہ جائیداد صرف اُس اضافی رقم پر واجب ہو گا جو نئی سرمایہ کاری میں شامل کی گئی ہو۔
اس بارے میں مرکز کا وضاحتی مکتوب یہاں دستیاب ہے۔
مثال نمبر 1 — اسٹاکس اور دوبارہ سرمایہ کاری
ایک موصی اپنی اُس بچت میں سے، جس پر حصہ آمد ادا ہو چکا ہے، 10,000 ڈالر اسٹاکس میں لگاتا ہے۔ موصی کی منظور شدہ شرحِ وصیت 1/10 ہے، اس لیے وہ اس سرمایہ کاری پر 1,000 ڈالر بطور حصہ جائیداد ادا کرتا ہے۔ دو سال بعد موصی یہ اسٹاکس 15,000 ڈالر میں فروخت کر دیتا ہے۔ 5,000 ڈالر کے منافع کو آمد شمار کیا جائے گا اور موصی اس حاصل شدہ منافع پر 500 ڈالر بطور حصہ آمد ادا کرے گا۔ فروخت سے حاصل ہونے والی باقی 14,500 ڈالر کی خالص رقم پھر دوبارہ لگائی جاتی ہے اور اس کے ساتھ بچت میں سے مزید 5,000 ڈالر شامل کر کے 19,500 ڈالر کے سونے کے بسکٹ خریدے جاتے ہیں۔
چونکہ اصل سرمایہ کاری پر حصہ جائیداد اور حاصل شدہ منافع پر حصہ آمد پہلے ہی ادا ہو چکا ہے، اس لیے اسٹاکس کی فروخت سے منتقل ہونے والے 14,500 ڈالر نئی سرمایہ کاری میں شمار کر لیے جائیں گے۔ سونے پر حصہ جائیداد شمار کرتے وقت کل 19,500 ڈالر کی سرمایہ کاری میں سے 14,500 ڈالر منہا کر دیے جائیں گے اور حصہ جائیداد صرف بچت میں سے شامل کیے گئے اضافی 5,000 ڈالر پر واجب ہو گا۔
مثال نمبر 2 — کاروباری سرمایہ کاری
ایک موصی مکانات کی خرید و فروخت (house flipping) کے کاروبار میں 40,000 ڈالر لگاتا ہے مگر ابتدائی سرمایہ کاری کے وقت حصہ جائیداد ادا نہیں کرتا۔ جائیداد کی مرمت و تزئین کے بعد اسے فروخت کرنے پر موصی کو 60,000 ڈالر ملتے ہیں، جن میں اصل 40,000 ڈالر کی سرمایہ کاری اور 20,000 ڈالر کا منافع شامل ہے۔
پھر موصی فروخت سے ملنے والے 60,000 ڈالر پر 6,000 ڈالر بطور حصہ جائیداد ادا کرتا ہے۔
اس کے بعد موصی پہلے منصوبے کی باقی ماندہ 54,000 ڈالر کی رقم دوبارہ لگاتا ہے اور مزید 16,000 ڈالر شامل کر کے دوسرے منصوبے میں کل 70,000 ڈالر کی سرمایہ کاری کرتا ہے۔ اس دوسری سرمایہ کاری سے 30,000 ڈالر کا منافع ہوتا ہے اور فروخت سے کل 100,000 ڈالر حاصل ہوتے ہیں۔
چونکہ پہلے منصوبے سے منتقل ہونے والے 54,000 ڈالر پر حصہ جائیداد پہلے ہی ادا ہو چکا ہے، اس لیے حصہ جائیداد شمار کرتے وقت یہ رقم دوسرے منصوبے کی 100,000 ڈالر کی فروخت میں سے منہا کر دی جائے گی۔ چنانچہ حصہ جائیداد صرف اضافی 46,000 ڈالر پر واجب ہو گا، یعنی 4,600 ڈالر کی ادائیگی بنے گی۔